ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں یوم آزادی کے حوالے سے تقریبات


ایمرسن یونیورسٹی ملتان میں مادر وطن کے پچھترویں یوم آزادی کے سلسلے میں مختلف تقریبات کا آغا ز ہوگیا۔ آج مورخہ 14 اگست 2022 کو یونیورسٹی کے سبزہ زار میں پرچم کشائی کی مختصر مگر شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں تمام اساتذہ اور سٹاف نے شرکت کی۔ وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر شوکت ملک نے سینیر فیکلٹی ممبرز کے ہمراہ اپنے دست مبارک سے پرچم کشائی فرمائی جس کے بعد ملک و قوم کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

بعد ازاں یونیورسٹی آڈیٹوریم میں جشن آزادی کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں بچوں نے ملی نغمے پیش کیے اور انچارج پروگرامز پروفیسر مقصود رضوی نے شرکا کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کیا۔ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر شوکت ملک نے اپنے صدارتی خطبے میں چودہ اگست کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ لازوال قربانیوں اور انتھک جدوجہد کا ثمر ، یہ وطن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ اس کی بے مثال ترقی کے لیے ہم اپنے تن من دھن سے محنت کریں۔ ڈاکٹر شوکت ملک نے کہا کہ من حیث القوم ہمارا مذہبی و اخلاقی فرض ہے کہ اس پاک مٹی کا احسان اتارنے کے لیے ہم لگن ایمانداری اور خلوص نیت سے اپنے اپنے فیلڈ میں کام کریں۔ وائس چانسلر نے اساتذہ کرام کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ میرا ویژن ہے کہ اس مادر علمی کو ملک کی عظیم ترین یونیورسٹیوں میں اعلی مقام دلواوں اور یہ اساتذہ و سٹاف کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔انہوں نے وطن عزیز پاکستان اور ایمرسن یونیورسٹی کی ترویج و ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض پروفیسر ناصر عمران نے انجام دیے۔
جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ملی نغموں،تقاریر اور ٹیبلوز کے مقابلہ جات اور سیمینارز کا سلسلہ رواں ہفتے میں بھی جاری رہے گا۔

Comments are closed.